Saturday, 29 February 2020
Apna Media امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان معاہدے کی تقریب میں دنیا نے پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا :وزیر خارجہ
وزیر خا رجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دنیا نے آج پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا ،امریکی وزیر خارجہ سمیت دیگر ممالک نے پاکستان کے کلیدی کردار کو سراہا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی افغان طالبان اور امریکا کے درمیان ہونے والے امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں موجود تھے۔معاہدے کے بعد جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امن معاہدہ افغانستان میں قیام امن اور مفاہمت آگے بڑھانے میں ایک اہم پیش قدمی ہے،پاکستان کے بغیر یہ دن ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ امن معاہدے پر دستخط کے بعد بین الافغان مذاکرات کا آغاز ممکن ہوسکے گا، افغان جماعتیں اب پائیدار امن و استحکام کے لیے جامع سیاسی سمجھوتہ کریں گی جبکہ افغانستان کو تعمیر نو کے لیے عالمی برادری کی ضرورت ہوگی۔
قبل ازیں وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ میں آج بہت خوش ہوں، جو کچھ آج دیکھا، اس کے لیے ہم نے برسوں کا سفر طے کیا، آج کا دن تاریخی ہے اور امید کرتے ہیں کہ یہ معاہدہ پورے خطے میں امن کا باعث بنے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کوششوں کے بغیریہ امن معاہدہ ممکن نہ ہوتا۔
Apna Media امریکہ طالبان امن معاہدہ، وزیر اعظم عمران خان بھی میدان میں آگئے
وزیر اعظم عمران خان نے امریکہ طالبان امن معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے اس معاہدے کی بقاءو کامیابی میں اپنا حصہ ڈالنے کیلئے مکمل پر عزم اور تیار ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے امریکہ طالبان امن معاہدے پر اپنے بیان میں کہا کہ ہم امریکہ و طالبان کے مابین ’دوحہ معاہدے‘ کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ یہ معاہدہ دہائیوں پرمحیط جنگ سمیٹنے اور افغان عوام کو مشکلات کی دلدل سے نکالنے کیلئے امن و مفاہمت کاپیش خیمہ ہے۔ میرا ہمیشہ سے یہ موقف ہے کہ کتنی ہی پیچیدہ صورتحال کیوں نہ ہو امن کا معنی خیز دروازہ سیاسی حل ہی سے کھلتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فریقین یقینی بنائیں کہ معاہدے کو سبوتاژ کرنے کے خواہاں عناصر کوئی موقع نہ پا سکیں۔ میری دعائیں اہل افغانستان کے ساتھ ہیں جو 4 دہائیوں تک قتل وغارت گری کی آگ میں جلتے رہے۔ پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے اس معاہدے کی بقاءو کامیابی میں اپنا حصہ ڈالنے کیلئے مکمل پر عزم اور تیار ہے۔
Apna Media حکومت پاکستان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی کردی
حکومت پاکستان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی کردی ۔
اوگرا کی جانب سے جمعہ کے روز وزارت خزانہ کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری بھجوائی گئی تھی جس کی منظوری دے دی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق پٹرول 5 روپے فی لٹر سستا کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 111 روپے 60 پیسے ہوگی۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 5 روپے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 122 روپے 26 پیسے ہوگی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 7 روپے کی کمی کی گئی ہے جبکہ مٹی کا تیل بھی 7 روپے سستا کردیا گیا ہے۔حالیہ کمی کے بعد لائٹ ڈیزل کی قیمت 77 روپے 51 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت 92 روپے 45 پیسے ہوگئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے (یکم مارچ 2020) سے ہوگا۔
Apna Media سعودی ریسلر منصور نے عالمی شہرت یافتہ ریسلر کو شکست دے کر تاریخ رقم کر دی
سعودی عرب میں ڈبلیو ڈبلیو ای کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے، اسی وجہ سے ہر سال سعودی مملکت میں بھی ریسلنگ کا یہ عالمی ایونٹ منعقد کرایا جا رہا ہے تاہم اس بار سعودی عوام کے لیے یہ ڈبلیو ڈبلیو ای میگا ایونٹ یادگار بن گیا جب ایک سعودی نوجوان منصور نے عالمی شہرت یافتہ ریسلر ڈولف زیگلر کو اپنے ہی ہوم کراوئڈ کے سامنے چاروں شانے چت کر کے سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلہ بالآخر جیت لیا۔
Apna Media اس دو ٹکے کی عورت کے لیے 50ملین دے دوں
ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے اور اس ڈرامے کے کئی ڈائیلاگ بھی بہت مشہور ہوئے، جن میں سے ایک ’دو ٹکے کی عورت‘ والا بھی تھا۔گزشتہ روز کرکٹر محمد عامر نے بھی اس فقرے کے ذریعے ڈرامے میں مہوش کا کردار ادا کرنے والی آئزہ خان کی ٹرولنگ کر ڈالی، جسے ڈرامے میں یہ فقرہ بولا گیا تھا۔ ویب سائٹ مینگوباز کے مطابق ایک ویڈیو منظرعام پر آئی ہے جس میں کرکٹرز بیٹھے وقت گزاری کے لیے ایک گیم کھیل رہے ہوتے ہیں۔ اس گیم میں کھلاڑیوں کو مختلف معروف شخصیات کی تصاویر دکھائی جاتی ہیں اور انہیں شخصیت کا نام بتانا ہوتا ہے۔
جب محمد عامر کی باری آئی تو انہیں آئزہ خان کی تصویر دکھائی گئی۔ تصویر دیکھتے ہی محمد عامر ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو‘ کا وہ متنازعہ ترین ڈائیلاگ بول دیا۔ تصویر دیکھتے ہی محمد عامر بے ساختہ بول اٹھتے ہیں کہ ”اس دو ٹکے کی عورت کے لیے 50ملین دے دوں؟“اس موقع پر کرکٹر نسیم شاہ، آئزہ خان کے لیے اپنی محبت چھپا نہ سکے اور ان کی تصویر کو دیکھ کر دیکھتے ہی رہ گئے۔ تصویر کو بغور دیکھتے ہوئے نسیم شاہ نے کہا ”ماشاءاللہ، پیاری ہے۔“کرکٹرز کی اس ویڈیو نے سوشل میڈیا پر ایک نیا ہنگامہ کھڑا کر دیا ہے۔
Apna Media ہمارے مخالفین کیلئے عام معافی، پاکستان کا شکریہ ، کابل حکومت عوام کی مخالفت چھوڑ دے
امن معاہدے کے بعد طالبان امیر کا اہم ترین بیان
امارت اسلامی افغانستان (طالبان) کے امیر ملا ہبة اللہ اخوند زادہ نے امریکہ طالبان امن معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے اللہ کا انعام قرار دیا ہے اور انہوں نے طالبان اور افغان عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سختی کے ساتھ اس کی پاسداری کریں ، انہوں نے طالبان کی مخالفت کرنے والوں کیلئے عام معافی کا اعلان کردیا ۔ ملا ہبة اللہ اخوند زادہ نے امن مذاکرات میں کردار ادا کرنے پر پاکستان، قطر، چین سمیت دیگر ممالک کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔
دوحہ میں امریکہ طالبان امن معاہدے کے بعد افغان طالبان کے امیر ملا ہبة اللہ اخوند زادہ نے اپنے بیان میں کہا کہ افغانستان سے تمام بیرونی افواج کا مکمل انخلا اور مستقبل میں ہر قسم کی عدم مداخلت کی یقین دہانی ایک عظیم کامیابی ہے اور ہم اس عظیم فتح کو اللہ تعالی کی نصرت، مجاہدین کی قربانیوں، اپنی ملت کے اخلاص، جدوجہد، تھکاوٹ اور قربانیوں کا نتیجہ سمجھتے ہیں، ہم نے اس کامیابی کو کسی کا کمال نہیں سمجھنا بلکہ اسے اللہ تعالی کا انعام اور تمام مجاہد ملت کی قربانیوں کا محصول سمجھنا ہے۔
انہوں نے طالبان جنگجوﺅں اور افغان عوام سے کہا کہ وہ امریکہ کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کی پاسداری کریں کیونکہ اسلام میں غداری اور فریب کی کوئی جگہ نہیں ہے اور اسے عظیم گناہ سمجھا جاتا ہے، البتہ اگر مخالف فریق کی جانب سے معاہدہ کی خلاف ورزی کی جائے تو تمام ملت ماضی کی طرح مضبوط دفاع کے لیے آمادہ ہو۔
ملا ہبة اللہ اخوند زادہ نے افغان سٹیک ہولڈرز سے کہا ’امریکی فریق کے ساتھ کامیاب مذاکرات نے ثابت کردیا کہ ہر قسم کے پیچیدہ موضوعات کے حل کے لیے راہ تلاش کی جاسکتی ہے، ان مذاکرات کی کامیابی امارت اسلامیہ کی جانب سے تمام داخلی فریقوں کو یہ پیغام پہنچاتی ہے کہ ہم ایک معقول اور منصفانہ حل کے لیے تیار ہیں، آئیے اپنی ملت کے مذہبی اور ملی اصولوں کی روشنی میں مسائل کا حل تلاش کریں، کابل انتظامیہ بھی عوام کی مخالفت سے دستبردار ہوجائے۔
اپنے مخالفین کیلئے معافی کا اعلان کرتے ہوئے طالبان کے امیر کا کہنا تھا کہ ہم اپنے مصیبت زدہ عوام کو تسلی دیتے ہیں کہ منصفانہ اور حقیقی اسلامی نظام کے سائے تلے ملک کے تمام خواتین و حضرات کو ان کے حقوق دیے جائیں گے۔امارت اسلامیہ کی مخالفت میں اگر کسی نے حصہ لیا ہو اور عام طور پر ہر وہ شخص جنہیں امارت اسلامیہ سے تشویش ہے، ان کے تمام گذشتہ اعمال پر ہم انہیں عفو اور درگزر کرتے ہیں، مستقبل میں ان کے لیے اسلامی اخوت، ملی محبت اور بہترین زندگی کے خواہاں ہیں۔
Apna Media امارت اسلامی افغانستان اور امریکہ میں امن معاہدہ، تمام تفصیلات اردو میں پڑھیں
امارت اسلامی افغانستان (طالبان ) اور امریکہ کے مابین ہونے والے امن معاہدے میں 4 باتوں پر اتفاق کیا گیا ہے۔
امن معاہدہ اس بات کا ضامن ہے کہ افغان سرزمین کو امریکہ یا اس کے اتحادیوں کی سکیورٹی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ (کسی بھی گروپ کی جانب سے افغان سرزمین امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے خلاف استعمال نہیں کی جائے گی
معاہدہ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ افغانستان سے تمام غیر ملکی افواج کا انخلا ایک خاص وقت کے اندر یقینی بنایا جائے گا۔
عالمی گواہوں کی موجودگی میں مکمل انخلا کی ضمانت دیے جانے کے بعد یہ یقینی بنایا جائے گا کہ افغان سرزمین کو امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کیلئے استعمال نہیں کیا جائے گا۔ چونکہ امارت اسلامی کو اقوام متحدہ نے تسلیم نہیں کیا اور انہیں طالبان کے نام سے پہچانا جاتا ہے اس لیے وہ یقینی بنائیں گے کہ 10 مارچ 2020 سے انٹرا افغان مذاکرات کا آغاز کریں گے۔
امن معاہدے میں مستقل سیز فائر بھی شامل ہے، انٹرا افغان مذاکرات کے شراکت دار اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مستقل سیز فائر پر بات چیت کریں اور اس پر مشترکہ طور پر عملدرآمد کریں اور افغانستان کے مستقبل کا سیاسی روڈ میپ تیار کریں ۔
دستاویز میں واضح کیا گیا ہے کہ معاہدے میں بیان کیے گئے چاروں نکات ایک دوسرے سے باہم جڑے ہوئے ہیں جن پر ایک مخصوص عرصے میں مشترکہ شرائط پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، پہلی دو شرائط پر عملدرآمد سے آخری دو شرائط کا راستہ نکلے گا۔
امریکہ پر عزم ہے کہ افغانستان سے اپنی اور اپنے اتحادیوں کی ساری فوج کو نکالے گا، امریکہ اس بات کا بھی پابند ہے کہ وہ افغانستان سے تمام غیر سفارتی سویلینز، پرائیویٹ سکیورٹی کنٹریکٹرز ، ٹرینرز، مشیر اور سپورٹنگ سروس کے لوگوں کو معاہدے کے اعلان کے بعد 14 ماہ میں نکالے گا، اور اس سلسلے میں مندرجہ ذیل اقدامات اٹھائے گا۔
امریکہ اور اس کے اتحادی پہلے 135 دنوں میں مندرجہ ذیل اقدامات اٹھائیں گے
وہ امریکی فوجیوں کی افغانستان میں تعداد کم کرکے 8 ہزار 600 کردیں گے اور اتحادیوں اور نیٹو فورسز کی تعداد میں بھی مرحلہ وار کمی کریں گے
امریکہ ، اس کے اتحادی اور نیٹو 5 فوجی چھاﺅنیاں مکمل طور پر خالی کردیں گے
معاہدے کے دوسرے حصے میں امارتِ اسلامی افغانستان جنہیں طالبان کے نام سے جانا جاتا ہے، امریکہ ، اتحادی افواج اور نیٹو فورسز مندرجہ ذیل اقدامات اٹھائیں گے
امریکہ ، اس کے اتحادی اور نیٹو فورسز باقی کے ساڑھے 9 ماہ کے دوران اپنی ساری فوج افغانستان سے نکال لیں گے۔
امریکہ ، اس کے اتحادی اور نیٹو فورسز باقی بچ جانے والی فوجی چھاﺅنیوں سے اپنے تمام فوجی نکال لیں گے
امریکہ باہمی اعتماد کی فضاءقائم کرنے کیلئے جنگجو اور سیاسی قیدیوں کو تمام فریقوں کی رضامندی سے فوری طور پر رہاکروائے گا، 10 مارچ 2020 کو انٹرا افغان مذاکرات کے پہلے دن طالبان کے 5 ہزار سے زائد اور دوسری جانب کے ایک ہزار قیدیوں کو رہا کردیا جائے گا، فریقین نے تین ماہ کی مدت میں تمام قیدیوں کی رہائی پر رضا مندی ظاہر کی ہے، رہائی پانے والے طالبان بھی اس معاہدے کے پابند ہوں گے یعنی امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو نقصان نہیں پہنچائیں گے۔
جب انٹرا افغان ڈائیلاگ کا آغاز ہوگا تو امریکہ طالبان رہنماﺅں پر عائد پابندیوں اور ان کے رہنماﺅں کے سروں پر رکھی گئی ایسی انعامی رقوم جنہیں اقوام متحدہ نے تسلیم نہیں کیا کا از سر نو جائزہ لے گا اور 27 اگست 2020 تک یقینی بنائے گا کہ پابندیوں کا خاتمہ کردیا جائے۔
انٹرا افغان مذاکرات شروع ہونے پر امریکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن ممالک سے سفارتی روابط کرے گا اور 29 مئی 2020 تک یہ یقینی بنائے گا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے طالبان رہنماﺅں پر عائد پابندیوں کا خاتمہ کیا جائے۔
امریکہ اور اس کے اتحادی افغانستان کی علاقائی سلامتی اور سیاسی آزادی کیلئے خطرہ نہیں بنے گا اور اس پر کوئی حملہ نہیں کرے گا اور نہ ہی افغانستان کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کرے گا۔
امن معاہدے کے اعلان کے ساتھ امارتِ اسلامی افغانستان جنہیں اقوام متحدہ نے بحیثیت ملک تسلیم نہیں کیا اور وہ طالبان کے نام سے جانے جاتے ہیں ، امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی سلامتی کیلئے خطرہ بننے والے القاعدہ اور دیگر گروپوں کو روکنے کیلئے مندرجہ ذیل اقدامات اٹھائیں گے۔
طالبان اپنے کسی رکن ، کسی دوسرے شخص یا گروپ کو جس میں القاعدہ بھی شامل ہے افغانستان کی سرزمین امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی سلامتی کے خلاف استعمال نہیں کرنے دے گا۔
طالبان ان تمام گروپوں کو جو امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی سلامتی کیلئے خطرہ بننا چاہیں انہیں واضح پیغام دیں گے کہ ان کیلئے افغانستان میں کوئی جگہ نہیں ہے، طالبان اپنے ارکان کو اس بات کی ہدایت کریں گے کہ وہ کسی بھی ایسے گروپ یا شخص کے ساتھ تعاون نہ کریں جو امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی سلامتی کیلئے خطرہ بنیں۔
طالبان امریکہ اور اس کے اتحادیوں کیلئے خطرہ بننے والے تمام گروپوں یا شخصیات کو نہ تو ٹریننگ دیں گے، نہ ہی انہیں چندہ جمع کرنے دیں گے اور نہ ہی ایسے لوگوں کو بھرتی کریں گے اور نہ ہی معاہدے میں طے پائی شرائط کے مطابق ان کی میزبانی کریں گے۔
طالبان ان لوگوں جو افغانستان میں سیاسی پناہ چاہتے ہیں کو عالمی قوانینِ مہاجرت کے تحت دیکھیں گے اور ایسے لوگوں کو پناہ نہیں دیں گے جو امریکہ اور اس کے اتحادیوں کیلئے خطرہ بنیں
طالبان ان لوگوں جو امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی سلامتی کیلئے خطرہ بنیں کو پاسپورٹ، ویزہ، سفری اجازت نامے یا دیگر قانونی کاغذات فراہم نہیں کریں گے۔
امریکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے درخواست کرے گا کہ وہ اس معاہدے کی تائید کرے۔
امریکہ اور طالبان انٹرا افغان مذاکرات کے بعد بننے والی اسلامی حکومت کے درمیان بہتر تعلقات قائم کریں گے ۔
انٹرا افغان مذاکرات کے بعد بننے والی نئی حکومت کے ساتھ مل کر امریکہ افغانستان کی تعمیر نو میںمالی تعاون کرے گا اور اس دوران افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گا۔
یہ معاہدہ 29 فروری 2020 ، بمطابق 5 رجب المرجب 1441 ہجری کو دوحہ قطر میں سائن کیا گیا ہے، اس کو پشتو، دری اور انگلش زبان میں لکھا گیا ہے اور تمام زبانوں میں لکھی گئی تحریریں ایک جیسی مستند ہیں۔
Apna Media ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان معرکہ اتوار کو ہو گا
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2020 میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں (کل)یکم مارچ بروز اتوار کو سڈنی کے شوگراؤنڈ اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی۔گروپ بی میں شامل دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستان وقت کے مطابق صبح 9 بجے شروع ہوگا۔
جنوبی افریقہ کی ویمنز ٹیم ایونٹ میں تاحال کھیلے گئے دونوں میچز میں کامیابی حاصل کر کے چار پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔دوسری طرف قومی خواتین کرکٹ ٹیم تاحال ایونٹ میں 2 میچز کھیل چکی ہے، جس میں سے ایک میں اُسے کامیابی اور ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا،جنوبی افریقہ کے خلاف فتح سےپاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی کےامکانات روشن ہوجائیں گے۔جنوبی افریقہ ویمنزکرکٹ ٹیم سےمیچ کے بعد پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کوقدرےکمزورحریف تھائی لینڈسےمقابلہ کرناہے۔دوسری طرف جنوبی افریقہ ویمنزکرکٹ ٹیم پاکستان کےخلاف کامیابی کی صورت میں براہ راست سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلے گی۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیموں کے درمیان گذشتہ سال کھیلی گئی پانچ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ نے 2-3 سے کامیابی حاصل کی تھی،سیریز کا پہلا اور تیسرا میچ قومی خواتین کرکٹ ٹیم نے جیتا تھا۔
گذشتہ میچ میں انگلینڈ کےخلاف33گیندوں پر41رنزکی اننگز کھیلنے والی عالیہ ریاض پرامیدہیں کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم ایونٹ میں جنوبی افریقہ کےخلاف اہم میچ میں کامیابی حاصل کرنےکی صلاحیت رکھتی ہے، قومی خواتین کرکٹ ٹیم انگلینڈ کےخلاف عمدہ کارکردگی کامظاہرہ نہیں کر سکی مگر وہ پرعزم ہیں کہ جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں ٹیم کی کارکردگی میں واضح فرق دیکھا جاسکے گا۔عالیہ ریاض نے کہا کہ قومی خواتین کرکٹ نے گذشتہ سال جنوبی افریقہ کو اُن کےہوم گراؤنڈ پر کھیلی گئی سیریز میں ٹف ٹائم دیا تھالہٰذا قومی خواتین کرکٹ ٹیم میگا ایونٹ میں بھی جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے لیے میدان میں اترتے وقت پراعتماد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اچھی فارم میں ہوں اور اُنہیں امید ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں وہ بہترین کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گی۔
Apna Media پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری ،کرونا وائرس سے متاثرہ شخص صحت یاب ہو کر جلد ڈسچارج ہونے والا ہے ،ڈاکٹر ظفر مرز ا نے تصدیق کردی
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کرونا وائرس کے مزید دو نئے کیسز سامنے آنے کی خبر دیتے ہوئے بتا یا ہے کہ پہلے کرونا وائرس میں متاثر ہونے والے ایک شخص کی حالت بہت تیزی سے ٹھیک ہو رہی ہے ۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے پہلے جو دو مریض سامنے آئے تھے وہ صحت یاب ہو رہے ہیں اور ان میں سے ایک جلد ہی مکمل صحت یاب ہو کر ڈسچارج ہو جائے گا ۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ اگر پاکستان میں کرونا وائرس پھیل جاتا ہے تو اس کے لیے بھی تیاریاں کی جا رہی ہیں ،کرونا وائرس کے الگ ہسپتال بنائے جانے پر بھی کام ہو رہا ہے تاکہ لوگوں کو آئسو لیشن سنٹرز میں رکھا جاسکے اور وائرس مزید نہ پھیل سکے ۔
Apna Media قطر میں تاریخی موقع پر کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا
مشرق وسطیٰ کے اہم ترین ملک قطر میں تاریخی موقع پر کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا ۔یہ کیس ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب دوحا میں امریکہ اور طالبان کے درمیان امن معاہدہ طے پا یا ہے اور دنیا کی نظریں اس پر لگی ہوئی ہیں ۔الجزیرہ نیوز کے مطابق کرونا وائرس سے متاثرہ36سالہ شخص ایران سے ہو کر واپس قطر لوٹا تھا ۔قطر کے وزیر صحت نے کرونا کے پہلے کیس کی تصدیق بھی کردی ہے ۔انہوں نے بتا یا ہے کہ متاثرہ شخص کو حکومت کے چارٹر طیارے سے ایران سے نکا لا گیا اور اسے قرنطینہ سنٹر میں رکھا گیا ہے ۔قطری وزیر صحت نے بتا یا کہ متاثرہ شخص اطمینان بخش حالت میں ہے ۔
واضح رہے کہ قطر میں کرونا وائرس ایک ایسے تاریخی وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان کئی سالوں سے جاری طویل جنگ کے بعد امن عمل معاہدہ طے پایا ہے اور اس تقریب میں ڈیڑھ سے زائد ممالک کے نمائندوں جبکہ پچاس ممالک کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی ۔
Apna Media اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کا میچ منسوخ ہو گیا
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا ہے اور دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دیدیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل میں 13 واں میچ پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا تاہم مسلسل بارش کے باعث میچ منسوخ کر دیا گیا ہے اور دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دیدیا گیا ہے جس پر شائقین کرکٹ میں بھی افسردگی پھیل گئی ہے۔
گزشتہ روز پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کا میچ بھی بارش کے باعث 12 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا جس میں پشاور زلمی نے جیت حاصل کی تھی تاہم آج پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ نہیں ہو گا۔
Apna Media امریکہ طالبان امن معاہدہ، تقریب سے خطاب میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا اہم ترین بیان
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ طالبان کو احساس ہوا کہ وہ فوجی طاقت کے ذریعے افغان مسئلے کو حل نہیں کرسکتے، طالبان کے اشارے کے بعد امن عمل شروع ہوا، یہ یقینی بنایا جائے گا کہ افغان سرزمین دہشتگردی کیلئے استعمال نہ ہو۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں طالبان امریکہ امن معاہدے پر دستخط کی تقریب جاری ہے جس میں 50 ممالک کے وزرائے خارجہ اور 150 ممالک کے وفود موجود ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ امریکہ اور طالبان کے درمیان دہائیوں پر مشتمل تنازعہ چلتا رہا، امریکہ اور طالبان آج دہائیوں پر مشتمل تنازعہ ختم کرنے جا رہے ہیں۔امن عمل طالبان کے اشارے کے بعد شروع ہوا، انہیں احساس ہوا کہ وہ فوجی طاقت سے مسئلے کو حل نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ افغان اور امریکی فورسز نے مل کر قیام امن کیلئے کام کیا، تاریخی معاہدے کی تقریب کی میزبانی پر قطر کی حکومت کے شکر گزار ہیں ، انہوں نے مذاکرات یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا، امن کیلئے زلمے خلیل زاد کا کردار قابل تعریف ہے۔
مائیک پومپیو کا کہنا تھا یہ یقینی بنایا جائے گا کہ افغان سرزمین عالمی سطح پر دہشتگردی کے خلاف استعمال نہ ہو،داعش اور القاعدہ جیسی تنظیموں کو دوبارہ پنپنے نہیں دیا جائے گا۔ افغانستان کے مستقبل کا تعین افغانوں نے خود کرنا ہے، آج افغانستان کے عوام گلیوں میں خوشیاں منا رہے ہیں۔
Apna Media غیر ملکی فورسز اس شرط پر افغانستان سے نکلیں گی
افغان صدر اشرف غنی کا کہنا ہے کہ افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، غیر ملکی افواج کا انخلا اس بات پر منحصر ہوگا کہ طالبان کس طرح معاہدے پر عملدرآمد کرتے ہیں، افغان سرزمین پر موجود غیر ملکی افواج افغان فورسز کو تربیت فراہم کریں گی۔
کابل میں امریکہ اور افغان حکومت کے مابین معاہدے کی تقریب ہوئی جس میں افغان صدر اشرف غنی ، امریکہ کے وزیر دفاع مارک ایسپر اور نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینس سٹولن برگ سمیت دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔ تقریب میں افغان جنگ میں ہلاک ہونے والوں کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
امریکہ افغانستان جوائنٹ ڈیکلیریشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افغان صدر اشرف غنی کا کہنا تھا کہ امریکہ اور طالبان کے معاہدے میں تمام باتیں شرائط پر مبنی ہیں، غیر ملکی افواج کا انخلا اس بات پر منحصر ہوگا کہ طالبان کس طرح معاہدے پر عملدرآمد کرتے ہیں۔
تمام فریقین امن معاہدے کی پاسداری کریں گے، پاکستان نے افغانستان میں قیام امن کیلئے جو کردار ادا کیا اس کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، افغانستان میں قیام امن کیلئے دوست ممالک کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ہمارے فوجیوں اور عام شہریوں نے عظیم قربانیاں پیش کی ہیں، جوائنٹ ڈیکلیریشن کے ذریعے افغانستان میں دیر پا امن کا راستہ کھلے گا۔
افغان صدر کا کہنا تھا کہ افغان سرزمین پر موجود غیر ملکی افواج افغان فورسز کو تربیت فراہم کریں گی، افغانستان ، امریکہ اور نیٹو کے درمیان پہلے سے معاہدے موجود ہیں جو قابل عمل ہوں گے۔
Apna Media بھارت میں بھی کیمیکل فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے ہلاکتیں
بھارت کی شمالی ریاست ہریانہ کی ایک کیمیکل فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے کم از کم 4 افراد ہلاک جبکہ 30زخمی ہوگئے ہیں۔یہ دھماکہ ضلع جھجرکے بہادرگاہ صنعتی علاقے میں ہوا۔ضلع جھجر کے ڈپٹی کمشنر دفترایک عہدیدار نے ہفتہ کو بتایا کہ واقعہ میں 4 مزدور ہلاک جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 30 زخمی ہوئے ہیں، ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ فیکٹری کے اندر بوائلر پھٹنے کے باعث ہوا۔اعلی حکام نے دھماکے کے بعد امدادی کارروائیوں کیلئے آگ بجھانے والی گاڑیاں اور پولیس اہلکار وقوعہ پر روانہ کردیئے۔عہدیدار نے کہاکہ ہم نے دہلی سے نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی ٹیم بھی طلب کرلی ہے۔وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں تاکہ دیکھا جاسکے کہ فیکٹری کے اندر ملبہ میں کوئی شخص پھنسا تو نہیں ہوا۔
عہدیداروں کے مطابق زخمیوں کا علاج دو مقامی ہسپتالوں میں کیا جا رہاہے۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ دھماکے کی وجہ سے متعدد قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ آس پاس کھڑی گاڑیوں کی ونڈ سکرینیں ٹوٹ گئیں۔پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور دھماکہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
Apna Media افغان طالبان اور امریکا کے درمیان تاریخ ساز امن معاہدے پر دستخط ہوگئے
دوحہ : افغان طالبان اور امریکا کے درمیان تاریخ سازامن معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں، افغان طالبان کی جانب سے ملاعبدالغنی برادر اور امریکا کی جانب سے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے دستخط کیے۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان میں 19 سالہ خون ریزی کے بعد قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکہ اور طالبان کے درمیان تاریخی امن معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں۔
فریقین کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا ہے جس پر امریکا کی جانب نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے جب کہ افغان طالبان کی جانب سے ملا عبدالغنی برادر نے معاہدے پر دستخط کیے۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومیو نے کہا کہ آج امن کی فتح ہوئی ہے لیکن افغانوں کی اصل فتح تب ہوگی جب افغانستان میں امن و سلامتی ہوگی، امریکا اور طالبان دہائیوں کے بعد اپنےاختلافات ختم کررہے ہیں، تاریخی مذاکرات کی میزبانی پر امیر قطر کے شکر گزار ہیں۔
امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ امن کیلئے زلمے خلیل زاد کا کردار قابل تعریف ہے، افغان اور امریکی فورسز نے مل کر امن کیلئے کام کیا، افغان عوام معاہدے پرخوشیاں منارہے ہیں، امن کے بعد افغانیوں نے اپنے مستقبل کا تعین کرنا ہے، افغان تارکین وطن کو خوش آمدید کہا جائے گا۔
مائیک پومپیو کا مزید کہنا تھا کہ داعش اورالقاعدہ جیسی تنظیموں کو دوبارہ پنپنے نہیں دیا جائیگا، توقع ہے کہ افغانستان میں صبر سے کام لیا جائے گا، تمام افغان امن اورخوشحالی کے ساتھ رہنے کا حق رکھتے ہیں، خواتین کو بھی برابر کے مواقع فراہم کیے جائیں گے،امریکا اور اتحادیوں کی کامیابی دہشت گردی کا خطرہ نہ ہونے پر ہوگی۔
Apna Media ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دیدی
ملتان : پاکستان سپر لیگ فائیو کے بارہویں میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ائٹرز کو 30 رنز سے شکست دے دی۔
ملتان میں کھیلے گئے میچ میں ہوم ٹیم نے رائلی روسو کی دھواں دھار سنچری کی بدولت 200 رنز کا بڑا ہدف دیا جس کے جواب میں گلیڈی ایٹرز 169 رنز ہی بنا سکی۔
ہدف کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز شین واٹسن اور جیسن روئے نے جارحانہ اننگز کھیلی اور پہلی وکٹ پر 57 رنز جوڑے، اوپننگ جوڑی ٹوٹنے کے بعد بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور کوئی بھی پلیئر جم کر نہ کھیل سکا۔
واٹسن نے 41 گیندوں پر 80 رنز بنائے تاہم ان کی مزاحمت بھی ٹیم کے کام نہ آئی، احسان علی 14، اعظم خان 6، کٹنگ 12، انور علی 14 اور سہیل خان ایک اسکور کرکے چلتے بنے جب کہ کپتان سرفراز احمد 3 اور نواز خان 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
سلطانز کی جانب سے بلاول بھٹی نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، عمران طاہر نے 2 اور خوش دل شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ہوم ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں پر 199 رنز بنائے،اوپنر ذیشان اشرف آج لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 8 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ جے ایم وینس 6 چوکوں کی مدد سے 29 رنز بناکر محمد نواز کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔
48 رنز کے مجموعے پر سلطانز نے تین وکٹیں گنوائیں تو کپتان شان مسعود نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے 32 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنائے۔
آر آر رسو نے لمبی اننگز کھیلتے ہوئے 43 گیندوں پر 100 رنز بناکر کرکے ناقابل شکست رہے، انہوں 10 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے تیز ترین سینچری اسکور کی۔ خوشدل شاہ 1 رنز بنا کر سہیل خان کا نشانہ بنے۔
Apna Media Dil News فروری کے آخری ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1.16 فی صد کمی
اے آر وائی نیوز کے مطابق ادارہ شماریات نے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں برس فروری کے آخری ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں ایک اعشاریہ سولہ فی صد کمی آئی، کم آمدنی والوں کے لیے مہنگائی کی شرح میں 1.34 فی صد کمی ریکارڈ کی گئی۔
اری چاول، ایل پی جی، کیلے، پیاز، تازہ دودھ، دہی، مسٹرڈ آئل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، دال مونگ، بیف، مٹن، ویجی ٹیبل گھی سمیت 13 اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا جب کہ بجلی کے نرخ، چینی، گڑ، ٹماٹر، آلو، مرغی اور انڈے کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔
دال ماش، چنے کی دال، دال مسور، لہسن، آٹا سمیت 13 اشیا کی قیمتوں میں کمی آئی، پیٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل، مٹی کا تیل، گیس نرخ، اور چائے کے نرخ برقرار رہے۔ باسمتی چاول، گندم، خوردنی تیل، نمک، ملک پاؤڈر اور روٹی کی قیمت مستحکم رہی۔
ادارہ شماریات کے مطابق بلب، سگریٹ، لال مرچ، صابن سمیت 25 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
Thursday, 27 February 2020
Apna Media Dil پاکستان میں انتہائی سستی 4 لاکھ روپےکی الیکٹرک گاڑی آگئی
Apna Media Dil
پاکستان میں انتہائی سستی 4 لاکھ روپےکی الیکٹرک گاڑی آگئی
پاکستانی آٹو موبل کمپنی ’دی کراﺅن گروپ‘ نے حال ہی میں اپنی گاڑیوں کے کچھ ماڈل متعارف کروائے۔ اس دوران گروپ کی طرف سے بتایا گیا کہ وہ ایک ایسی ماحول دوست گاڑی بھی متعارف کروانے جا رہے ہیں جو انتہائی سستی اور ہر ایک کی قوت خرید میں ہو گی۔ ویب سائٹ ’پڑھ لو‘ کے مطابق گروپ نے جس ماحول دوست گاڑی کے متعلق بتایا ہے یہ ایک الیکٹرک کار ہے جس کی مبینہ طور پر قیمت صرف 4لاکھ روپے ہو گی۔ یہ دو دروازوں والی ہیچ بیک ہے جس میں دو لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہو گی۔
اس وقت پاکستان میں موٹرسائیکلز اور رکشوں کی قیمتیں 2سے ساڑھے 5لاکھ کے درمیان ہیں چنانچہ ایسے میں چار لاکھ کی گاڑی واقعی کمپنی کے دعوے کے مطابق ہر شخص کی قوت خرید میں ہو گی۔ تاہم یہ گاڑی فی الحال مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہے۔ کمپنی کی طرف سے حال ہی میں مارکیٹ ٹیسٹنگ کی گئی ہے اور اپنی تین چار الیکٹرک گاڑیاں ڈسپلے کی گئی ہیں۔
Apna Media Dil News آئی ایم ایف مشن کی پاکستان کو 45 کروڑ ڈالر کی قسط جاری کرنے کی سفارش
پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کے درمیان قرض کی اگلی قسط کے اجرا کیلئے مذاکرات مکمل ہوگئے جس کے بعد آئی ایم ایف مشن نے پاکستان کو 45 کروڑ ڈالر کی قسط جاری کرنے کی سفارش کردی۔
تفصیلات کیلئے پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کے درمیان قرض کی اگلی قسط کے اجرا کیلئے مذاکرات مکمل ہوگئے۔آئی ایم ایف مشن نے پاکستان کو 45 کروڑ ڈالر کی قسط جاری کرنے کی سفارش کردی۔عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق قسط جاری کرنے کی حتمی منظوری آئی ایم ایف کا ایگزیکٹیو بورڈ دے گا۔اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس اپریل کے شروع میں متوقع ہے۔خیال رہے کہ آئی ایم ایف کا جائزہ مشن رواں ماہ پاکستان کے دورے پر تھا اور اس دوران وفد نے اعلی حکام سے مذاکرات کیے تھے۔3 جولائی 2019 کو آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے 6 ارب ڈالرز کے قرض کی منظوری دی تھی جو تین سال کے دوران وقتا فوقتا قسط وار جاری کیے جائیں گے۔پاکستان کو اب تک آئی ایم ایف سے ایک ارب 44 کروڑ ڈالرز قرضے کی دو قسطیں مل چکی ہیں۔
Apna Media Dil News سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے حوالے سے عوام کے لیے ہدایت نامہ جاری کردیا
محکمہ صحت سندھ نے کورونا وائرس کے حوالےسے عوام الناس کے لیے ہدایت نامہ جاری کردیا،تمام پبلک،پرائیویٹ دفاتر ، شاپنگ مالزاور عوامی مقامات پر سینیٹائزرز کا استعمال کیا جائے، ملازمین کو صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں،محکمہ تعلیم آج شب تمام صوبائی تعلیمی اداروں، اساتذہ اور طلبہ کے لیے ان احتیاطی تدابیر کی فہرست جاری کرے، جن ممالک میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں وہاں سفرنہ کرنے کا مشورہ دیا،تمام عوامی مقامات پر آگاہی کے لیے پیغامات آویزاں کیے جائیں۔
سندھ کے محکمہ صحت نے کورونا وائرس کے حوالے سے عوام الناس کے لیے ہدایت نامہ جاری کردیا ہے، تمام پبلک،پرائیوٹ دفاتر،شاپنگ مالزاور عوامی مقامات پر سینیٹائزرز کا استعمال کیا جائے، ملازمین کو صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں،محکمہ تعلیم آج شب تمام صوبائی تعلیمی اداروں، اساتذہ اور طلبہ کے لیے ان احتیاطی تدابیر کی فہرست جاری کرے گا جو کورونا وائرس سے بچا میں معاون و مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔ صوبائی وزیرتعلیم سعید غنی نے محکمہ تعلیم کا اعلی سطحی اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں صوبائی سیکریٹری تعلیم، سیکریٹری اسکولز، سیکریٹری کالجزاور ڈائریکٹر کالجز سمیت دیگر تمام متعلقہ حکام شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق شب آٹھ طلب کیا جانے والا اجلاس سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوگا۔ اجلاس میں اسکولوں و کالجوں کے لیے تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے مشاورت کرکے انہیں حتمی شکل دی جائے گی جس کے بعد ان کا باضابطہ اعلان ہوگا۔
حکومت سندھ کے محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ ہدایت نامہ کے تحت تمام پبلک،پرائیوٹ دفاتر،شاپنگ مالزاور عوامی مقامات پر سینیٹائزرز کا استعمال کیا جائے، ملازمین کو صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں، ماسک،ایمرجنسی اور اوپی ڈی میں کام کرنیوالوں کوگلوزفراہم کیے جائیں، ایران اور چین سے آنیوالے مریضوں سے سفری معلومات حاصل کی جائیں، جن ممالک میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں وہاں سفرنہ کرنے کا مشورہ دیا جائے، تمام عوامی مقامات پر آگاہی کے لیے پیغامات آویزاں کیے جائیں،صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ ہدایت نامے کے تحت تمام ڈسٹرکٹس کی ریپڈ رسپانس ٹیموں کوایران سے واپس آنیوالے زائرین کی فہرست دے دی گئی ہے جو انہیں فون کالز کرکے سفری معلومات حاصل کریں گی، 24 گھنٹے کام کرنے والی ہیلپ لائن قائم کردی گئی ہے جس پر اطلاع دی جا سکتی ہے اور معلومات بھی حاصل کرنا ممکن ہوگا۔صوبائی محکمہ صحت نے ہدایت کی ہے کہ ایران سے واپس آنے والے مسافروں میں علامتیں ظاہر ہونے کی صورت میں وہ اہلخانہ سے ملنے سے اجتناب برتیں اور گھر میں ہی قیام کریں۔ واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ایران یا دیگر ممالک سے آنے والے مسافروں میں کورونا وائرس کی علامتیں ظاہر ہونے کی صورت میں فوری کنٹرول روم سے رابطہ کیا جائے اور مریض کو آئسولیشن وارڈ میں داخل کیا جائے۔
Apna Media Dil News کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے حکومت فوری یہ کام کرے
پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کورونا وائرس سے عوام کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے قومی حکمت عملی بنانے اور چین سے پیشہ ورانہ رہنمائی لینے کا مطالبہ کر دیا۔
لندن سے اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھناباعث تشویش ہے۔اپوزیشن لیڈر نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم اس معاملے پر حکمت عملی بنانے کے لیے تمام وزرائے اعلی سمیت وزیراعظم آزاد کشمیر کو بھی بلائیں، ماہرین اور ڈاکٹرز کی ٹاسک فورس بنائی جائے تاکہ قومی پالیسی بنائی جاسکے۔شہباز شریف نے مطالبہ کیا کہ ضروری مشینیں، آلات اورعلاج کا طبی سامان بھی ہنگامی بنیادوں پر منگوایا جائے جب کہ چین سے کورونا سے نمٹنے کے انتظامات میں پیشہ ورانہ رہنمائی بھی لی جائے۔
Apna Media Dil News امیر قطر کی پاکستان میں سرمایہ کاری، عوام کی ترقی اور خوشحالی کے منصوبوں میں گہری دلچسپی اور تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں:فردو س عاشق اعوان
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردو س عاشق اعوان نے کہا ہے کہ امیر قطر کی پاکستان میں سرمایہ کاری، عوام کی ترقی اور خوشحالی کے منصوبوں میں گہری دلچسپی اور تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں،وزیراعظم کی امیر قطر سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری کے منصوبوں کو تقویت دینے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قطر پاکستان کے مختلف شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری کرے گا،ٹورازم سیکٹر میں سرمایہ کاری سے پاکستان میں سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا،ملاقات میں فیفا ورلڈ کپ 2022 کے حوالے سے پاکستانی کمپنیوں کیلئے تجارتی مواقعوں پر گفتگو ہوئی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے امیر قطر کو بھارت میں مسلمانوں پر ہونے والے تشدد، مقبوضہ جموں کشمیر کی سنگین صورتحال اور انسانی حقوق کی پامالیوں سے آگاہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
Apna Media Dil News ویمنز ٹی 20ورلڈ کپ، آسٹریلین اور بھارتی ویمنز نے اپنے اپنے میچز جیت لئے
آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلین ویمنز اور بھارتی ویمنز نے اپنے اپنے میچز جیت لئے، آسٹریلین ویمنز نے بنگلہ دیش کی خواتین ٹیم کو 86رنز سے ہرا کر مسلسل دوسری فتح جبکہ بھارت کی ویمنز ٹیم نے نیوزی لینڈ کو 3رنز سے ہرا کر مسلسل تیسری فتح حاصل کی۔آسٹریلیا کے دارلحکومت کینبرا کے مقام پر کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے دسویں میچ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلوی ویمنز نے پہلے بیٹنگ ہوئے مقررہ 20اوورز میں 1وکٹ کے نقصان پر 189 رنز بناکر بنگلہ دیشی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 190رنز کا ہدف دیا۔آسٹریلوی خواتین ٹیم کی الیسا ہیلی 83اور بیتھ مونی ناقابل شکست 81 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہیں۔آسٹریلوی باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کے باعث بنگلہ دیشی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 103رنز بناسکی۔ اس کامیابی کے بعد آسٹریلوی ٹیم اپنے گروپ اے میں 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ الیسا ہیلی کو عمدہ بلے بازی پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
دوسرا میچ میلبورن کے مقام پر کھیلا گیا، ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے نویں میچ میں بھارتی ویمنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 133رنز بناکر نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 134 رنز کا ہدف دیا۔شفالی ورما نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 34گیندوں پر 3چھکوں اور4چوکوں کی مدد سے انفرادی46رنز بنائے اور تانیہ بھٹائی 23 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہیں۔ روسیمری مائیر اور ایمیلیا کر نے دو، دو تاہوہو، ڈیوائن اور کار سپیریک نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جواب میں بھارتی باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کے باعث نیوزی لینڈ کی ٹیم 134 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 130رنز بناسکی۔ایمیلیا کر نے ناقابل شکست 34، کیٹی مارٹن 25 اور میڈی گرین نے 24رنز بنائے۔ بھارت کی طرف سے دیپتی شرما، شیخہ پانڈے، راجیشواری، پونم یادیو اور رادھا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ یوں بھارتی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست دیکر میگا ایونٹ میں مسلسل تیسری فتح حاصل کرلی۔ شفالی ورما میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں
Apna Media Dil اداکارہ سارہ خان کی سرخ ساڑھی میں تصویر وائرل
تفصیلات کے مطابق شوبز انڈسٹری سے جڑی شخصیات مداحوں سے جڑے رہنے کے لیے مختلف تصاویر اوراپنی روزمرہ کی سرگرمیوں کو شیئر کرتی ہیں جس کا مقصد مداحوں کو اپنی سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہ کرنا ہوتا ہے۔
ہم بات کررہے ہیں اداکارہ سارہ خان کی جنہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی ساڑھی میں ملبوس تصویر شیئر کی جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔
تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سارہ خان نے ہلکا سا میک اپ کیا ہے اور سورج کی کرنوں میں ان کی تصویر نہایت خوبصورت دکھائی دے رہی ہے۔
Apna Media Dil پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںکا اعلان کردیا گیا
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں مارچ کے مہینے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا گیا.
متحدہ عرب امارات میں سپر 98 پیٹرول فی لیٹر 2.16 درہم میں دستیاب ہوگا جبکہ اسپیشل 95 پیٹرول کی قیمت 2.04 درہم مقرر کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ای پلس 91 پیٹرول فی لیٹر 1.97 درہم میں دستیاب ہوگا جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر 2.25 درہم ہوگی
واضح رہے کہ فروری 2020 کے مقابلے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے،
گزشتہ ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھی گئی تھیں، گزشتہ ماہ سپر 98 اور اسپیشل 95 پیٹرول کی قیمت بالترتیب 2.24 درہم اور 2.12 درہم فی لیٹر تھی۔
فروری میں ای پلس 91 پیٹرول کی فلیٹر قیمت 2.05 درہم تھی جبکہ ڈیزل کی قیمت 2.40 مقرر کی گئی تھی۔
Apna Media Dil News بھارت نے کوئی جرات کی تو پاک فوج ہر طرح سے تیار ہیں ، ڈی جی آئی ایس پی آر
راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل بابرافتخارنے 27 فروری کویوم تشکراور یوم عزم قرار دیتے ہوئے کہاہم بھارت کی تمام دفاعی تیاریوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں ، بھارت نے کوئی جرات کی تو پاک فوج ہر طرح سے تیار ہیں، پاکستان پر کوئی انچ نہیں آنے دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابرافتخار نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا آپ سب کو27فروری کادن مبارک ہو ، پریس کانفرنس کا مقصد 27فروری کی مناسبت سے ہے اور ردالفساد کے تین سال مکمل ہونے کا جائزہ پیش کرنا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 27 فروری 2019میں پاک بھاعرت جنگ دستک دے چکی تھی، پلوامہ واقعے کے بعد بھارت نے بےجا الزامات لگائے تاہم پاکستان نے ذمہ دار ریاست کے طور پر ہر تعاون کی پیشکش کی، 25 اور 26فروری کی شب بھارت نے ناکام اور بزدلانہ کارروائی کی ، جو سرپرائز ہمیں دیناچاہ رہا تھا دشمن خود ناکام واپس چلا گیا ، دشمن کے دو لڑاکا طیارے مار گئے اور بھارتی پائلٹ کو گرفتار کیا۔
میجر جنرل بابرافتخار نے کہا 27 فروری کا دن ہماری تاریخ میں روشن باب ہے ، ایک سال قبل آج کے دن افواج پاکستان نے قوم کی امگوں پرپوراتر کر دکھایا، 1947 سے لیکر اب تک جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالے شہداکے لواحقین کو سلام پیش کرتے ہیں، دفاع وطن کیلئےتمام غازیوں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، آج کا دن یوم تشکر اور یوم عزم بھی ہے، ہم تمام ماؤں،بہنوں،بیٹیوں اورشہداکےلواحقین کوسلام پیش کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عزت اور وقار کی کوئی قیمت نہیں ہوتی، ہم اپنے دشمن کی ہر سازش سے بخوبی آگاہ ہیں، جنگیں حب الوطنی اورعوام کی طاقت سے لڑی جاتی ہیں، مسلح افواج ہر خطرات کیخلاف دفاع وطن کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت اندرونی انتشار سے توجہ ہٹانے کیلئے جو کھیل کھیل رہاہے پاکستان اس سے بخوبی آگاہ ہے، بھارتی اشتعال انگیزی خطے کے امن کیلئے شدید خطرہ ہے اور بھارت کاطرزعمل خطےمیں قیام امن کیلئےشدیدخطرہ ہے۔
Subscribe to:
Comments (Atom)
Indian fire kills 2-year-old Pakistani boy along LoC: ISPR
RAWALPINDI – A two-year-old boy has died while four civilians injured after Indian troops continued resorting to unprovoked firing from ...
-
Selena Gomez is opening up about mental health and how her recent diagnosis empowers her instead of being insecure. On Friday, April 3,...
-
برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انہیں سٹینڈرڈ آکسیجن ٹریٹمنٹ دی جارہی ہے اور وہ کسی مدد کے بغیر سانس لے رہے ہیں۔ خی...
-
The pace and scale of the coronavirus epidemic have shocked the governments around the world and left the stock markets in chaos. So far,...